اپنے جذبات اپنی جیب میں بھی رکھیں۔

لوگوں کے لیے مددگار ہاتھ بنیے۔ یہی وہ نیکی ہے، جِس کی ہر دور میں سب سے زیادہ ضرورت رہی ہے۔ ممکن ہو تو چپکے سے کسی ایک ایسے ذی نفس کی زندگی کو آسان بنانے کی نیکی ضرور کیجیے جس کا گواہ فقط پروردگار ہو۔ اپنا جائزہ لیتے رہیے کہ دُوسروں کی بھلائی کے لیے آپ کے جذبات درست مقام میں ہوں۔

ایک دفعہ ایک بھلے مانس نے سخت تنگیٔ حالات سے دوچار ایک بیوہ کی حسبِ تَوفِیق مالی مدد کی، پَر وہ رقم کافی نہیں تھی۔ وہ مختلف جاننے والوں کے پاس جا کر اُس بیوہ کی مدد کی استدعا کرنے لگا مگر اُس کی تگ و دو تقریباً لاحاصل رہی۔اگرچہ بیشتر افراد نے اُس مفلوک الحال بیوہ کی ابتری پر گہرے افسوس کا اظہار کِیا لیکن اس کی اعانت کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اُٹھایا ۔ وہ شخص اب بھی پُرامید تھا کہ شاید کوئی صورت نکل آئے۔
اپنے ایک صاحبِ حیثیت دوست سے مِلا۔ اُس نے بھی کوئی مدد تو نہ کی، بَس دُکھ بھرے لہجے میں کہنے لگا،
’’میں اس غریب بیوہ کے لیے بہت زیادہ افسردہ ہوں۔‘‘
یہ سُن کر مدد مانگنے والے شخص نے کہا ،
’’ میں آپ کے جذبات کی قدر کرتا ہوں لیکن اِتنا ضرور کہوں گا ؛ یہ جذبات درست مقام میں نہیں ہیں۔‘‘
وہ دولت مند شخص بولا،
’’ارے بھئی! بالکل درست جگہ میں ہیں؛ میرے یہ جذبات، میرے دِل کی گہرائیوں میں ہیں۔‘‘

اس بات پر، وہ دَردمَند شخص کہنے لگا،
’’یہی تو مسئلہ ہے؛ آپ انھیں غلط جگہ میں محسوس کر رہے ہیں۔ کاش یہی جذبات آپ کی جیب میں بھی ہوتے۔‘‘

🌹 Sharing is Caring 🌹

Scroll to Top