ہم بہت خوش ہیں


ہم بہت خوش ہیں
ہم بہت خوش ہیں
اتنے خوش
کہ خوشی کے اظہار کے طور پر
ایک دوسرے کے قتل پر آمادہ ہو گئے ہیں

اس سے کم تر
کوئی ایسا طریقہ سرے سے ہے ہی نہیں
کہ ہم اپنی خوشی کا
بھرپور اظہار کر سکیں

خوشی کے اظہار کے فرسودہ طریقے
ہمارے لیے قابل قبول نہیں

ہم اپنی خوشی میں
ہر ایک کو شریک کرنا چاہتے ہیں
جو ہماری خوشیوں میں شریک ہے
وہی ہمارا اصل دوست ہے
لوگوں کو چاہیے
کہ وہ خوشی خوشی
خود کو قتل کے لیے پیش کریں
بہت سے خون
اور بہت سی چیخوں کا مطلب آپ سمجھتے ہیں
ایک ناقابل بیان خوشی کا
ناقابل بیان اظہار
خواہ یہ اظہار دسترخوان پر کیا جائے
عباد گاہ کی سیڑھیوں پر
یا عدالت کے دروازے پر

ایسے میں ایک آنسو تو کیا
کسی تشویش کو بھی
ایک برا شگون سمجھا جائے گا
ایسے میں کسی سوال کی گنجائش بھی نہیں
ہم سے یہ بھی نہ پوچھا جائے
کہ ہم اتنے خوش کیونکر ہیں

ہم بہت تھکے ہوئے ہیں
رات بھر خون بہانے کے بعد
اب ہم میں اتنی سکت بھی نہیں
کہ ہم اپنی گنتی کر سکیں
یا یہی دیکھ سکیں
کہ رات کی اس مارا ماری میں
ہم نے اس خوشی کو تو ہلاک نہیں کر دیا
جو ہمارے پہلو میں سمٹی
لرز رہی تھی



(شاعر: سعیدالدین)

🌹 Sharing is Caring 🌹

Scroll to Top