ماچس کی ڈبیا
ماچس کی ڈبیا
کراچی کے اندر اور باہر رہنے والے بچوں سے
اکثر پوچھا جاتا ہے
قائداعظم کہاں پیدا ہوئے تھے؟
کراچی میں، بچے کہتے ہیں
اور ان کا مزار کہاں واقع ہے؟
کراچی میں، بچے پھر کہتے ہیں
اتنی بار پوچھے جانے والے سوال کا جواب
ایک بچہ نہیں دیتا
اور کہتا ہے، قائداعظم کا مزار
ماچس کی ڈبیا میں واقع ہے
اپنی بات کو سچ بتانے کے لیے وہ بستے سے
ماچس کی خالی ڈبیاں نکالتا ہے
اور اپنی ٹیچر کو دکھاتا ہے
میری ویدر ٹاور، فریئر ہال، ۔
بندر روڈ، ایمپریس مارکیٹ، ۔
اور، سب سے آخر میں
قائداعظم کا مزار۔۔۔
ٹیچر دیکھتی ہیں
سب کے سب
ماچس کی ڈبیا میں واقع ہیں
(شاعر: ذیشان ساحل)
🌹 Sharing is Caring 🌹