میں خود کو مایوس نہیں کرنا چاہتا۔
دنیا کا ہر کام ابتدا میں معمولی ہوتا ہے، لیکن جب اس کی تکمیل کے دوران شدید محنت کے ساتھ محبت اور خلوص کا لمس بھی شامل ہو جائے تو یہی معمولی کام عظمت کی علامت بن جاتا ہے۔
اپنے ہر کام کی تکمیل کے بعد انسان میں ستائش کی تمنا بیدار ہونا ایک قدرتی جذبہ ہے۔ داد و تحسین پا کر ہر انسان اپنا ہر آئندہ کام مزید محنت اور بھرپورلگن سے سر انجام دیتا ہے۔
مگر ایک سچا فن کار فن کی معراج پر تب پہنچتا ہے ؛
جب وہ خارجی تعریف سے زیادہ اپنی تخلیق کے ہر مرحلے میں اپنے کام کے ساتھ دیانتداری سے جُڑا رہتا ہے اور کسی فن پارے کی تخلیق کے دوران درپیش چیلنجز کو قبول کر کے ان پر فنکارانہ فتح حاصل کرنا اس کے لیے زیادہ اہم بن جاتا ہے۔
پھر جو ناقابل بیان لطف اسے میسر آتا ہے، اس کے سامنے ہر ستائش ریت کے گھروندے کی طرح بے معنی ہو جاتی ہے۔
ایک عمر رسیدہ آرٹسٹ سے جب سوال کیا گیا، آپ نے اب پرفارم کرنا کیوں چھوڑ دیا ہے؟
اس نے جواب دیا، اس عمر میں میرے جسم میں اب وہ سکت نہیں رہی کہ اپنی بہترین پرفارمنس دے سکوں، اس لیے میں لوگوں کو مایوس نہیں کرنا چاہتا، اور سب سے بڑھ کر یہ کہ میں خود کو مایوس نہیں کرنا چاہتا۔
کسی بھی کام کی حقیقی خوشی اور سچا صلہ یہ ہے کہ انسان خود کو مایوس نہ کرے۔ اس سے بڑا انعام اور کیا ہو سکتا ہے، وہ اپنے ساتھ دیانتدار رہے۔ دوسروں سے اپنی محنت کی داد چاہنے سے پہلے، وہ خود کو فخر سے کہہ سکے؛
ہم کو فقط ریاضتِ شعری سے کام ہے
ساداتِ فن پہ داد کا صدقہ حرام ہے
(شاعر: نامعلوم)
مشہور یونانی مجسمہ نگار فیدیاس, ایتھینیا کا مجسمہ تراش رہا تھا تو اس کے سر کے پیچھے بالوں کی لٹیں تراشنے میں تکنیکی مہارت کے ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی باریکی سے کام کر رہا تھا۔
ایک راہ گیر نے اسے اپنے کام میں حد درجہ مگن دیکھ کر حیرت سے پوچھا؛
’ یہ مجسمہ انتہائی اونچائی پر نصب کیا جائے گا اور اس کی پشت پر سنگ مرمر کی دیوار ہوگی، تو پھر کون دیکھ پائے گا، تم نے جزئیات کا پورا خیال رکھتے ہوئے اتنی محنت اور مہارت سے بالوں کی ان لٹوں کو تراشا ہے؟‘
’میں دیکھوں گا۔‘ فیدیاس نے جواب دیا۔
آپ کے ہر فعل کا پہلا تماشائی، ہر بات کا پہلا سامع اور ہر کاوش کا پہلا ناقد درحقیقت آپ کی اپنی ذات ہے۔ اس درویش صفت ناقد کو ہمیشہ اپنی بہترین پرفارمنس دیں تا کہ آپ اپنی نگاہوں میں سرخرو رہیں۔ اپنے ہر کام کو عبادت سے کم تر خیال نہ کریں۔ سطحی ستائش اور بناوٹی تعریفوں سے اپنے اندر کے سچے ناقد کو مایوسی کے گہرے دھندلکوں میں نہ کھونے دیں۔
اگر ایسا ہے تو جان لیجیے، آپ دنیا کی نظروں میں تو جیت چکے، مگر یہ جیت آپ کو ہمیشہ نڈھال رکھے گی۔
🌹 Sharing is Caring 🌹