دُنیا کا بہترین کلاس رُوم

اینڈی رُونی کے بقول؛ ’’ دُنیا کا بہترین کلاس رُوم، کِسی بزرگ کے قدموں تلے ہوتا ہے۔‘‘
بزرگ گھر کی رونق ہوتے ہیں۔ ان کی موجودگی میں ہی ان کی قدر کریں۔ انھیں وقت دیں۔
اکثر گھروں میں بزرگوں کو بھی گھر کے سٹورروم میں رکھی ہوئی کوئی بے کار چیز سمجھ لیا جاتا ہے۔ گھر میں موجود ہوتے ہوئے بھی ان کے وجود کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔ جن ہستیوں نے اپنا ایک ایک پل ہماری زندگی بنانے میں وقف کیا ہوتا ہے، ان کا ایک ایک پل تنہائی کی نذر ہو رہا ہوتا ہے۔

جھُریاں صِرف اُن کے چہرے پر نہیں بلکہ اُن کے بوڑھے وقت پر بھی پڑی ہوتی ہیں، جو گزر ہی نہیں پاتا ۔ صبح سے شام کرنا، اُن کے لیے قیامت سے کم نہیں ہوتا کیوں کہ اُن کے ’بوڑھے وقت‘ کو آگے بڑھنے کے لیے کِسی سہارے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اُن کے لیے محض دوا اور دُعا کافی نہیں۔انھیں آپ بھی درکار ہوتے ہیں۔
آپ کا نعم البدل کوئی نہیں۔

امریکہ میں، ایک باپ سے اُس کی بیٹی نے بچوں کی کہانیوں کی کتاب دے کر فرمائش کی کہ وہ اُس کی پسندیدہ کہانی پڑھ کر سُنائے۔ باپ نے بیٹی کی فرمائش پُوری کردی۔ اب ہررات، بیٹی کی یہی خواہش ہوتی کہ باپ اُسے کہانی پڑھ کرسُنائے۔ مصروف باپ نے اس کا حَل یہ نکالا کہ اُس نے کہانی کی آڈیو ریکارڈنگ کر لی۔ اگلی رات جب بیٹی نے کہانی کی فرمائش کی تو اُس نے بیٹی کو وہی آڈیو ریکارڈنگ لگا دی۔ دو تین راتیں یہی ہوتا رہا لیکن اگلی رات بیٹی وہی سٹوری بُک لے کر پھِر باپ کے پاس آگئی۔ باپ نے بیٹی کو بوسہ دے کر کہا،
۔’’میری پیاری گُڑیا! اب تَو آپ کو خُود بھی آڈیو ریکارڈر چلانا آ گیا ہے ۔‘‘۔
معصوم پَری نے احتجاج کیا،۔
۔’’جی، آ تَو گیا ہے، لیکن میں ریکارڈر کی گَود میں بیٹھ تو نہیں سکتی نا۔‘‘

بچے کے لیے گود کا نعم البدل کوئی نہیں۔
ماں باپ بچے کے وقت کو اپنی گود میں لے کر چلتے چلتے خُود وقت کی بیساکھیوں کے رحم وکرم پرآجاتے ہیں۔ تب انھیں صِرف بیساکھی نہیں، بلکہ آپ کی ضرورت ہوتی ہے۔بیساکھی ان کے نِیم جاں وجود کو سہارا دے کر حرکت میں لاسکتی ہےمگر اُن کے’’جھُریالے وقت‘‘ کوآپ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہم اپنا سب کچھ دےکربھی ان کی قربانیوں کی قیمت ادا نہیں کرسکتے۔
مگرہم انہیں وقت دےسکتے ہیں اوران کے قدموں میں بیٹھ کر خود کو اپنی نظروں میں بلند کر سکتے ہیں۔ کیوں کہ بزرگوں کے قدموں کی کلاس میں بلاناغہ حاضری دینے والا ہی قلبی اور روحانی سکون سے فیض یاب ہوتا ہے۔

🌹 Sharing is Caring 🌹

Scroll to Top