اپنے دماغ پر قابو رکھیں

کِسی تقریب میں کوئی مقرر اپنی پُر اثر تقریر سے بہت زیادہ داد سمیٹ رہا ہے۔ آپ بھی دوسروں کے ساتھ اُسے سراہ رہے ہیں مگر آپ کے پُورے جِسم میں جُھرجُھری سی محسوس ہو رہی ہے۔ آپ جانتے ہیں، آپ اس شخص سے بہتر بول سکتے ہیں۔ آپ کا لب و لہجہ اُس سے زیادہ پرکشش ہے۔

پھر آپ اُدھر کیوں نہیں؟
صِرف اِس لیے کہ آپ کے دماغ میں خوف ہے۔ وہ خوف جو دماغ سے باہر کہیں وجود نہیں رکھتا۔ وہ خوف جِس سے دماغ میں منتشر خیالات مزید بِپھر جاتے ہیں اور آپ کا پُورا وجود خوف کی آماجگاہ بن جاتا ہے۔ کمی آپ کے ٹیلنٹ میں نہیں بلکہ دماغ میں خیالات یکجانہ ہونے کی وجہ سے آپ اُس شخص کی طرح سٹیج پر موجود نہیں۔ آگے بڑھنے کے لیے قابلیت کافی نہیں، دماغ میں منتشر خیالات پر قابو پانے کی مہارت بھی ضروری ہے۔ آپ قابل ہیں مگر خوف نے اَس لمحے آپ کی قابلیت پر قابو پا رکھا ہے۔آپ کو کیا کرناہے؟ دماغ پر قابو پانا ہے۔ ڈر خود بھاگ جائے گا۔


تیراندازی کے کئی مقابلوں میں فتح حاصل کرنے کے بعد، ایک نوجوان چیمپئین نے زین ماسٹر کو چیلنج کر دیا جو کبھی اپنی تیر اندازی کے لیے مشہور تھا۔ اُس نوجوان نے اپنے پہلے ہی تیر سے بہت زیادہ فاصلے پر کھڑے ایک دور دراز ہدف کا نشانہ لگا کر اپنی غیر معمولی تیکنیکی مہارت کا مظاہرہ کیا اور پھر دوسرے تیر سے، پہلے تیر کو نشانہ بنا کر بوڑھے زین ماسٹر سے مخاطب ہُوا،۔
۔” آپ ایسی مہارت کا ثبوت پیش کر سکتے ہیں؟

اپنی کمان کھینچنے کی بجائے ماسٹر نے بڑے اطمینان سے نوجوان کو پہاڑی کے اوپر اپنے پیچھے آنے کا اشارہ کیا۔ تجسس کے عالم میں، نوجوان چیمپیئن پہاڑی کی بلندی پر ماسٹر کے پیچھے چلتا رہا حتیٰ کہ وہ ایک شگاف تک پہنچ گئے جس کے آر پار درخت کے کٹے ہوئے ایک غیر ہموار پتلے اور شکستہ تنے کا پُل سا بنا ہُوا تھا۔
بوڑھا ماسٹر اکیلا ہی آرام سے اس متزلزل اور جان لیوا پُل پر قدم رکھتے ہوئے درمیان تک آ گیا، کمان میں تیر کھینچا اور انتہائی فاصلے پر ایک درخت کا نشانہ لیا۔ تیر سیدھا نشانے پر لگا۔

پھر وہ باوقار چال سے واپس مڑا اور محفوظ مقام پر کھڑے نوجوان سے کہا ،۔
” لو، اب تمہاری باری ہے۔”

اس گہرے اور ہولناک شگاف کو خوف سے گھورتے اُس نوجوان چیمپیئن میں اتنی ہمت نہ رہی، کہ وہ اُس لرزتے تنے پر قدم رکھ کر تیر چلا سکے۔

اپنے مد مقابل چیمپیئن کے چہرے پر خوف کے آثار دیکھ کر بوڑھا ماسٹر بولا،۔
۔”یقینا تیر اندازی کے فن میں تم یکتا ہو گئے ہو مگر ابھی تمہاری مہارت اُس دماغ کو قابو کرنے میں بہت کم ہے جو تیر کو نشانے تک پہنچاتا ہے۔” ۔

🌹 Sharing is Caring 🌹

Scroll to Top